ہفتہ 27 دسمبر 2025 - 11:25
کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ: کراچی میں شیعہ علماء اور مسیحی قیادت کی اہم ملاقات

حوزہ/ ہیئت ائمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے جوائنٹ سیکریٹری علامہ سید صادق رضا تقوی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کرسمس کے موقع پر ہولی ٹرینیٹی چرچ میں بشپ فریڈریک جان سے ملاقات کی، جہاں اسلام و مسیحیت کے مشترکات، عالمی و علاقائی مسائل، بین المذاہب ہم آہنگی اور امن و انصاف کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی: ہیئت ائمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے جوائنٹ سیکریٹری علامہ سید صادق رضا تقوی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے 25 دسمبر 2025 کو حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کی ولادت اور کرسمس کے موقع پر ہولی ٹرینیٹی چرچ کے بشپ آف پاکستان فریڈریک جان سے ملاقات کی اور انہیں کرسمس کی مبارک باد پیش کی۔

کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ: کراچی میں شیعہ علماء اور مسیحی قیادت کی اہم ملاقات

اس وفد میں مولانا سید رضا جعفری، مولانا علیم رحمانی، مولانا قنبر علی نقوی، مولانا بلاول حسین فائزی، مولانا ایاز علی نجفی اور مولانا نوید علی باقری شامل تھے۔ ملاقات کے دوران اسلام اور مسیحیت کے مشترکہ عقائد، انبیائے کرام کی صفات، تعلیمات و ہدایات کے ساتھ ساتھ پاکستان اور عالمی سطح پر درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ: کراچی میں شیعہ علماء اور مسیحی قیادت کی اہم ملاقات

علامہ سید صادق تقوی اور بشپ فریڈریک جان نے ایک دوسرے کے قریب آنے، بین المذاہب روابط کو فروغ دینے اور مذہبی رسومات میں باہمی شرکت کی ضرورت پر زور دیا۔ علامہ سید صادق تقوی نے اسلامی فقہ کی روشنی میں اہلِ کتاب سے متعلق بعض مخصوص اور امتیازی مسائل کی وضاحت کی، جس پر بشپ فریڈریک جان نے حیرت اور مسرت کا اظہار کیا۔

کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ: کراچی میں شیعہ علماء اور مسیحی قیادت کی اہم ملاقات

ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس ملاقات میں علامہ صادق تقوی نے ہجرتِ حبشہ کے موقع پر مسیحی بادشاہ کے منصفانہ کردار، انسان دوستی، واقعۂ کربلا اور اسیرانِ کربلا کے حوالے سے مسیحیوں کے مثبت کردار، ایران میں وطن کے دفاع کے دوران شہید ہونے والے مسیحی افراد، رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی مسیحی شہداء کے خانوادوں سے ملاقات، نیز پاپائے روم کی آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی سے ملاقات پر بھی روشنی ڈالی۔

کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ: کراچی میں شیعہ علماء اور مسیحی قیادت کی اہم ملاقات

علامہ صادق تقوی، وفد کے دیگر ارکان اور بشپ فریڈریک جان نے اس ملاقات کو نہایت خوش آئند اور مثبت قرار دیا۔ اس موقع پر علامہ صادق تقوی نے بشپ فریڈریک جان کو نہج البلاغہ کے مطالعے کی دعوت دی اور لبنان کے معروف مسیحی دانشور جارج جرداق کا حوالہ دیا، جنہوں نے دو سو سے زائد مرتبہ نہج البلاغہ کا مطالعہ کیا اور امام علی علیہ السلام کی شان میں اپنی شہرۂ آفاق تصنیف “الإمام علی صوت العدالة الإنسانية” تحریر کی، جس کا انگریزی ترجمہ بھی دستیاب ہے۔

دونوں مذہبی رہنماؤں نے اہلِ تشیع اور مسیحی برادری پر ہونے والے مظالم کی مذمت کی اور توہینِ رسالت کے قانون کے منصفانہ اور درست نفاذ پر زور دیا۔ مولانا علیم رحمانی، مولانا قنبر علی نقوی اور مولانا محمد رضا جعفری نے بھی ملاقات کے دوران علمی معاونت کی، جسے بشپ فریڈریک جان نے سراہا۔

کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ: کراچی میں شیعہ علماء اور مسیحی قیادت کی اہم ملاقات

علامہ صادق تقوی نے حضرت امام مہدی علیہ السلام کے ظہور اور حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کے نزول سے متعلق مشترکہ جدوجہد، عالمی امن اور عادلانہ نظامِ حکومت کے قیام پر گفتگو کرتے ہوئے مشترکات پر علمی مباحث کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دنیا بالخصوص غزہ میں جاری بدترین مظالم، انسانی معاشروں میں ظلم و بربریت، ناانصافی، طبقاتی نظام، احترامِ انسانیت میں کمی، ذخیرہ اندوزی اور بدعنوانی جیسی سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے انبیائے کرام کی جدوجہد کو یاد کیا۔

علامہ صادق تقوی نے اربعین کے موقع پر مسیحی برادری کی شرکت کو ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے بشپ فریڈریک جان کو مجالس و جلوسِ عزا، نیز شیعہ تعلیمی اداروں اور مذہبی اجتماعات میں شرکت کی دعوت دی، جسے بشپ فریڈریک جان نے خوش دلی سے قبول کیا۔

کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ: کراچی میں شیعہ علماء اور مسیحی قیادت کی اہم ملاقات

اس موقع پر بشپ فریڈریک جان نے بھی ہولی ٹرینیٹی چرچ کو بین المذاہب امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اجتماعات کے انعقاد کے لیے پیش کیا۔وفد کی جانب سے بشپ فریڈریک جان کو گلدستہ اور اجرک بطور تحفہ پیش کی گئی۔آخر میں نئے سال کی آمد، وطنِ عزیز کی سلامتی اور بندگانِ خدا کی ہدایت کے لیے دعا کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha